ہوناور،2؍دسمبر (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ میں ’ماروتی ایکو‘ ٹورسٹ گاڑیوں کے ڈرائیوروں پر قانون کی خلاف ورزی کرنے اور مقررہ تعداد سے زیادہ سیٹیں اپنی گاڑیوں میں بٹھا کر لےجانے کا الزام لگاتے ہوئے ٹویرا اور انووا ٹیکسی یونین نے ہوناور میں روڈ ٹرانسپورٹ کمشنر کے نام میمورنڈم پیش کیا۔
شکایت کنندگان کا کہنا ہے کہ انووا اور ٹویرا کا روڈ ٹیکس بہت زیادہ ہوتا ہے۔ ماروتی ایکو ٹورسٹ گاڑیاں اجازت سے زیادہ مسافر غیر قانونی طور پراپنی گاڑیوں میں لے جانے سے انووا اور ٹویرا جیسی گاڑیوں کو کرایہ پر جانے والے گاہک نہیں مل رہے ہیں۔ ایک طرف اس سے سرکاری قانون کی خلاف ورزی ہورہی ہے تو دوسری طرف زیادہ ٹیکس بھرنے والی گاڑیوں کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے ۔اس لئے موٹر وہیکل ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے ماروتی ایکو ٹورسٹ گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
میمورنڈم میں 51 ایکو ٹورسٹ گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبر بھی فراہم کیے گئے ہیں جو اس طرح غیر قانونی طورپرزیادہ تعداد میں مسافروں کو اپنی گاڑیوں میں لےجارہے ہیں۔
میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوری طور پر ان گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ورنہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے عدالتی کارروائی کی جائے گی۔
اس موقع پر اودئے نائک، پرکاش نائک، دیانند دیواڈیگا، سریش موگیر، موہن نائک، رمیش نائک وغیرہ موجود تھے۔